• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ جاری، کھڈیاں خاص میں مظاہرہ

لاہور + اسلام آباد (نامہ نگاران + آن لائن) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی علاقوں میں سحر و افطار پر بھی بجلی بند رکھی گئی جس پر روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پانی کی بھی قلت رہی اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ کھڈیاں خاص میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور جلوس نکالا۔ وفاقی وزارت پانی و بجلی نے وفاقی حکومت کو ایک رپورٹ ارسال کر دی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بجلی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگا جس کو عید الفطر کے تعطیلات میں روکنا ناممکن ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کو منٹری کی طرف سے ایک رپورٹ ارسال کی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آنیوالے دنوں میں شارٹ فال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جس کی بڑی وجہ مون سون میں معمول سے کم بارشیں اور ایک پاور پلانٹ بند ہونے کیو جہ سے بجلی کی رسد میں کمی کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کے واضح احکامات کے باوجود اس وقت ملک بھر میں سمری افطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ کھڈیاں خاص سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایک جلوس نکالا جو بلدیہ چوک میں آکر اختتام پذیر ہوا۔ لوڈشیڈنگ اور کندیاں کو واپڈا شیڈول میں اربن ایریا قرار نہ دینے پر شہریوں نے حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جلوس گلزار چوک سے شروع ہوکر بلدیہ چوک میں آکر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا، شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ بجلی کی بار بار اور طویل بندش کے باعث روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ سحری اور نماز تراویح کے اوقات میں بجلی کی بندش سے لوگوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا رہا۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق بچیکی، بڑا گھر اور گرد و نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نماز جمعہ کے اوقات میں بھی بجلی بند ہونے سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہر ایک گھنٹے کے بعد دو اور تین گھنٹے بجلی بند رہنے سے شہریوں بالخصوص روزہ دار بلبلا اٹھے۔ پانی کی بھی قلت رہی۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں سحر و افطاری کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے اور خواتین کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ پانی کی بھی شدید قلت رہی۔

ای پیپر-دی نیشن