• news

فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے مہلک ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں: حافظ سعید

گوجرانوالہ (نمائندہ خصو صی) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے۔ مسلم ممالک غزہ کے معاملہ پر سلامتی کونسل پر دبائو ڈالیں اور اس مسئلہ کو او آئی سی میں اٹھایا جائے۔ فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے مہلک ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں۔ اسرائیل اور بھارت کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں بھارتی فوج کو تعینات کروا رہے ہیں۔ وہ مرکز اقصیٰ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکز اقصیٰ میں تل دھرنے کا جگہ نہ تھی۔  نماز جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ قبلہ اول بیت المقدس اور مظلوم فلسطینیوں کو یہودیوں کے تسلط سے آزاد کر وانا مسلمانوں کا دینی، شرعی و اخلاقی فریضہ ہے۔ پاکستان، سعودی عرب و دیگر مسلم ممالک فلسطینی مسلمانوں کی زندگیاں بچانے کے لئے تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔ پوری مسلم امہ کو غاصب اسرائیل کی دہشت گردی کا جواب دینے کیلئے متحد ہو جانا چاہئے۔ جن مسلمان ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کر رکھے ہیں وہ ان تعلقات کو ختم کریں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر مسلمان ملکوں کے ادارے و حکمران کھل کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔ دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے مسلمانوں کا باہم متحد و بیدار ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران فلسطین، کشمیر و دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوںکے تحفظ کے لئے امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم اتحاد سے باہر نکل آئیں اور اسلام و مسلمانوں کے دفاع کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔

ای پیپر-دی نیشن