کرپشن کے خاتمے اور شفافیت لانے کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں: پرویز خٹک
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس بات کو صوبے اور یہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کی طرف سے تمام معاملات میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت لانے کیلئے موثر اقدامات کی بدولت نہ صرف قیمتی قومی وسائل کا ضیاع بند اور ترقیاتی فنڈز کا منصفانہ استعمال یقینی بن گیا ہے بلکہ بین الاقوامی برادری اور عالمی ادارے بھی صوبائی حکومت پر اعتماد کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا غیرملکی ڈونر اداروں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی حکومت پر بحال ہوا ہے اور وہ صوبے کے مختلف شعبوں میں منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیںان خیالات کا اظہار انہوںنے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقی (یو این ڈی پی) کے کنٹری ڈائریکٹر مارک اینڈ رے فرانشے سے ملاقات کے دوران کیا جس نے ان سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کے علاوہ آئی ڈی پیز کی مناسب دیکھ بھال اور انکی وجہ سے متعلقہ علاقوں اور مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات زائل کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔