3 خود کشیاں: فیصل آباد میں 30 سالہ شخص نے پھندے سے جھول کر زندگی ختم کرلی
فیصل آباد + ہیڈ مرالہ +ساہیوال (نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران) فیصل آباد اور ہیڈ مرالہ میں 2 افراد، ساہیوال میں لڑکی نے زندگی ختم کرلی۔ فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے پر 30 سالہ شخص نے پھندے سے جھول کر خودکشی کرلی۔ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے جیلانی ٹاؤن گلی نمبر 1 کا 30 سالہ ذیشان حسن ولد محمد الیاس کافی عرصے سے بے روزگار تھا اور اکثر گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ دلبرداشتہ ہو کر پھندے سے جھول کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر مارچری یونٹ منتقل کر دی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق ہیڈ مرالہ بیراج کے نہر مرالہ راوی لنک روڈ کے پل پر سے گذشتہ روز علی الصبح ایک نامعلوم شخص نے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔مرنے والے شخص کے بارے میں تاحال کوئی معلومات نہیں مل سکیں جبکہ نعش کی تلاش کیلئے ریسکیو 1122 کی ٹیم کی امدادی کارروائی جاری رہی۔ساہیوال کے نواح میں بڑی بہن سے جھگڑ کر 12سالہ لڑکی طاہرہ نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی ختم کرلی، چک 15w ہڑپہ کے اکرم کی بیٹی طاہرہ کا بڑی بہن سے معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا تو طاہرہ نے زہر کھا لیا۔