خضدار: ایف سی کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، اہلکار سمیت3 شہید،25 زخمی
خضدار (ایجنسیاں) خضدار میں جناح روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے نزدیک موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ایک اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ایف سی کی گاڑی جناح روڈ پر اللہ والا چوک سے گزر رہی تھی دھماکہ اس قدر شدید تھا اسکی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔ بم سڑک کنارے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ زخمیوں میں سے 10 ایف سی اہلکار شامل تھے ،زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 15 دکانوں، 4 موٹر سائیکلوں اور سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا دھماکے کی جگہ سے ایک شخص کی نعش ٹکڑوں میں ملی ہے جس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ خودکش حملہ آور ہو سکتا ہے۔دوسری جانب بلوچستان اور سندھ کی سرحدی پٹی پر بارودی سرنگ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔