کنٹرولر نیول اکائونٹس کا تبادلہ، وزارت خزانہ کا نوٹیفکیشن معطل
کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے کنٹرولر نیول اکاؤنٹس جلال الدین لنگاہ کے تبادلے کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گذار جلال الدین لنگاہ کے وکیل حیدر وحید نے موقف اختیار کیا کہ جلال الدین لنگاہ کا وزارت خزانہ نے تبادلہ کردیا ہے جبکہ تبادلے کا اختیار وزارت خزانہ کو نہیں ہے۔ محکمہ میں تبادلے اور تقرریوں کا اختیار اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کو حاصل ہے۔ انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کے درمیان تنازع کے باعث دوسرے افسران کے ساتھ جلال الدین لنگاہ کا بھی تبادلہ کردیا گیا جو کہ غیرقانونی ہے۔ عدالت نے وفاقی وزرات خزانہ کی جانب سے کنٹرولر نیول اکاؤنٹس جلال الدین لنگاہ کے تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے درخواست گزار کو کام کرنے کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے بجٹ کا خسارہ اور گردشی قرضے کم کرنے کیلئے اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کو 500 ارب روپے کا بندوبست کرنے کا حکم دیا تھا ۔رقم کا بندوبست نہ کرنے پر وفاقی حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان درمیان ٹھن گئی۔