وفاق آئی ڈی پیز کی بحالی‘ آبادکاری کا ٹائم فریم دے: حکومت خیبر پی کے
اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور خیبر پی کیحکومت نے وفاقی حکومت سے متاثرین شمالی وزیرستان ایجنسی کی بحالی وآبادکاری کا پلان و ٹائم فریم مانگ لیا‘سوا سات لاکھ بچوں و خواتین سمیت 10 لاکھ افراد کی زندگیوں کا معاملہ ہے ۔ اس پر سیاست نہ کی جائے اپوزیشن جماعت اور صوبائی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دس لاکھ بے گھر افراد کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے عیدالفطر شمالی وزیرستان کے ان متاثرین کے ساتھ گزاریں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ وزیراعظم کے عید پر ان کیمپوں کے دورے کے اعلان پر انتظامی مشنری کو بھی متحرک ہونے کا موقع ملے گا پاکستان تحریک انصاف نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آزادی مارچ پورے پاکستان بشمول نقل مکانی کرنے والے ان قبائل کے لیے بھی ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار خیبر پی کے کے وزیر مال علی امین خان گنڈا پور پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ نیازی اور پارٹی کی صوبائی سیکرٹری عائشہ گل لالئے نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ متاثرین کے کیمپوں کے لئے صوبائی حکومت کے انچارج و وزیر مال علی امین گنڈہ پور نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی امداد کے لئے 27 بین الاقوامی و ملکی امدادی ایجنسیاں بنوں و دیگر علاقوں میں جانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سرگرمیوں کے لئے وفاق فوری طور پر این او سی جاری کرے۔ انہوں نے کہا ان امدادی ایجنسیوں نے دو کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی امداد پیش کر دی ہے ۔ عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف سے بھی اس بارے میں مطالبہ کیا تھا ۔