القاعدہ حملے کی مذمت نہ کرنے پر 17 سعودی اماموں کے خلاف تحقیقات
ریاض (اے ایف پی + اے پی آئی + این این آئی) ایک سعودی اخبار نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 100 سے زائد پیش اماموں نے وزارتِ اسلامی امور کی طرف سے شارورہ میں ہونے والے حملے کی مذمت کرنے کی ہدایت کو نظرانداز کیا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں 17 پیش اماموں کو سعودی سرحد پر ہونے والے القاعدہ سے شدت پسند حملے کی خطبوں میں مذمت کرنے کے سرکاری احکامات کو نظرانداز کرنے کے الزامات کے تحت تحقیقات کا سامنا ہے۔ سعودی عرب کی اسلامی امور و مذہبی رہنمائی کی وزارت نے ملک کی مساجد کے تمام پیشِ اماموں کو کہا تھا کہ وہ اپنے جمعے کے خطبوں کے دوران شدت پسندکے حملے پر بات کرتے ہوئے اس کی مذمت کریں۔ وزارتِ اسلامی امور و مذہبی رہنمائی کا کہنا تھا کہ اگر یہ الزامات ثابت ہوگئے تو وہ ان اماموں کو سزائیں دے گی۔