• news

عابد شیر علی نے بجلی چوری کرانے کے الزام پر ایکسین کو معطل کر دیا

 فیصل آباد (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے بجلی چوری کرانے کے الزام میں ایکسین واپڈا رانا فیصل کو فوری طور پر معطل کر دیا جبکہ ایس ڈی او پیپلز کالونی کو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آن لائن کے مطابق ایکسین رانا فیصل پر الزام تھا کہ وہ فیصل آباد کے مختلف بااثر علاقوں میں بجلی چوری کرا رہے ہیں۔ بعض علاقوں میں براہ راست تاریں لگا کر بجلی چوری ہورہی تھی۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج کرنے کے سوال پر کہا کہ نواز شریف تو پاکستان کے عوام کے لیڈر ہیں میں اکیلا ہی طاہرالقاردی کا چیلنج قبول کرتا ہوں وہ میرے مقابلے میں کسی بھی جگہ سے انتخاب لڑ لیں یا مناظرہ کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 14اگست کو سونامی مارچ نہیں ہوگا صرف پاکستانی قوم جشن آزادی منائے گی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں بالخصوص گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تقسیمی نظام کی کوتاہیوں اور کمزوریوں کو فی الفور دور کیا جائے۔ وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈز کی تعمیر اور سسٹم کی بہتری کے احکامات دیئے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور انھیں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے۔ بجلی کی طلب و رسد میں فرق کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے۔ بدانتظامی اور کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سالہا سال سے ایک ہی جگہ تعینات افسران اور ملازمین کو ٹرانسفر کیا جائے۔ انہوں نے رمضان کے آخری عشرہ اور عیدالفطر کیلئے بہتر لوڈمینجمنٹ پلان پر عمل درآمد کے احکامات بھی دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن