• news

ایک ہی برس میں 2 حادثات، ملائیشیا ایئر لائنز کے مستقبل پر سوالیہ نشان

لندن (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) ملائیشیا ایئر لائنز کا طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ ہونے کے بعد ملائیشیا کے بازار حصص میں کمپنی کے حصص 11 فیصد گر گئے۔ ایشیا کے بعض بازارِ حصص بھی کم کاروبار کر کے اس خوف سے بند ہوئے کہ ملائیشین طیارہ گرنے کی وجہ سے روس، یوکرین اور مغربی ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی بڑھ جائیگی۔ ملائیشیا ایئر لائنز کے ساتھ اس سال طیارہ گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ مارچ میں ملائیشین طیارہ ایم ایچ 370 غائب ہوگیا تھا جس کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ان واقعات کے بعد اب ملائیشیا ایئر لائنز کے مستقبل کے بارے میں سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ ملائیشیا ایئرلائنز کیلئے بینکاری کرنیوالے بینک ڈی وی ڈی میں ہوا بازی کے شعبہ کے سربراہ برٹرانڈ گرابوسکی نے کہا اگرچہ یہ خالصتاً حادثہ بھی ہے لیکن تاریخ میں یہ کبھی نہیں ہوا کہ چند مہینوں میں ایک ایئر لائنز کے دو بڑے طیارے غائب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے اس ایئر لائنز کیلئے امداد واضح اور بہت زیادہ ہونی چاہئے۔ ملائیشیا ایئر لائنز کئی برسوں سے خسارے میں ہے اورگذشتہ نو مہینوں میں بازار میں اسکی قدر 40 فیصد سے زیادہ گر گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن