ملک بھر میں دوبارہ گنتی کے حامی نہیں‘ خورشید شاہ مڈٹرم الیکشن نہیں ہونگے : امین فہیم‘ رضا ربانی
سکھر (اے پی اے+ آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے 14 اگست کو دھرنا نہ دینے کا عمران خان کا بیان مثبت ہے۔ حکومت کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر عمران خان کو خطاب کا موقع دے۔ سکھر ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم پہلے دن سے عمران خان کے چار حلقوں کی ری چیکنگ کے مطالبے کی حمایت کرتے آرہے ہیں لیکن اب پورے الیکشن کی ری چیکنگ کی حمایت نہیں کرتے ہم جمہوری نظام کو چلنے دینا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیرستان میں آپریشن شروع ہونے تک ڈرون حملے بند تھے ہم نے آپریشن شروع کر کے اعتراف کر لیا وہاں پر دہشتگرد موجود ہیں لیکن امریکہ کو ہماری فورسز کو اعتماد میں لے کر ڈرون حملے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے قومی اسمبلی میں الیکشن ریفامز کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم سے آئی ڈی پیز کے حوالے سے اہم مسائل پر بات چیت ہوئی۔ بنوں کی آبادی دس لاکھ ہے جبکہ اب تک 9 لاکھ آچکے ہیں وہاں پر لاء اینڈ آرڈرسمیت لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت و دیگر مسائل موجود ہیں جنہیں وزیر اعظم نے جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا لگتا ہے ڈرون حملے اس لئے کئے جا رہے کہ آپریشن کے بعد امریکہ کو دہشت گردوں کی موجودگی کا یقین ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے بعد امریکی ڈرون حملوں سے ایسا لگتا ہے امریکہ کو شمالی وزیرستان میں پاک آرمی کے کلیئر کئے گئے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کا یقین ہو گیا۔
لاہور/ اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین مخدوم امین فہیم نے کہا ہے مسلم لیگ ن کے پاس عوامی منڈ یٹ ہے‘ ملک میں مڈٹرم انتخابات نہیں ہونگے مگر دیکھنا ہو گا 14اگست کو ’’آزادی مارچ‘‘ اور ’’انقلاب‘‘ والوں کے پیچھے کون ہے؟ جمہوریت کے حامی ہیں۔ پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی حکومت کے خاتمے کیلئے کسی غیر جمہوری اقدام اور تحریک کی حمایت نہیں کریگی۔ حکومت نے دھاندلی کے بارے میں عمران خان کی بات اب تک کیوں نہیں سنی ؟آصف علی زرداری نے حقیقت پسندانہ بات کی ہے 4حلقوں میں ووٹوں کی تصد یق سے کوئی آسمان نہیں گرے گا‘‘ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہو تی، مسلم لیگ ن ملک سے بجلی کی لوڈشیڈ نگ اور دیگر مسائل حل کرنے میں ناکام ہے، اللہ تعالیٰ نے خواجہ آصف کی سن لی اور بارش ہو گئی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی پانچ سالہ حکومت کے دوران مسلم لیگ ن ہمارے خلاف عوامی تحریک چلاتی رہی مگر ہم ایسا نہیں کرینگے بلکہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں عام انتخابات میں پنجاب میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اور اس کی ضرور تحقیقات ہو نی چاہیے اور اس کیلئے عمران خان کا مطالبہ بھی بالکل جائز ہے۔ بدقسمتی سے حکو مت اپنے لیے خود مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا 14اگست کو ملک اور جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں دونوں قائم رہیں گے۔ پیپلزپارٹی کسی غیر جمہو ری اقدام کو سپورٹ نہیں کر یگی ہم چاہتے ہیں حکو مت اپنی آئینی مدت پوری کرے اور ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہوتا رہے۔ آن لائن کے مطابق ایک انٹرویو میںپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے، سب ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہ جائیں گے۔کوئی بھی آئینی ترمیم حتمی نہیں ہوتی۔ میاں صاحب کو ایوان سے کوئی دلچسپی ہی نہیں۔ نظام لپیٹ دیا گیا تو وفاق پاکستان خطرے میں ہوگا، یہ تاثر درست نہیں بلاول میں اہلیت کا فقدان ہے۔کچھ ریاستی ادارے خود کو آئین کے دائرے میں لانے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا جب عوام کرپٹ لوگوں کو رد کریں گے تو وہ خود نظام سے نکل جائیں گے۔