زرداری کے بیانات پر ہمارا جواب نہیں آئیگا، حقیقی اپوزیشن پیپلز پارٹی ہے: سعد رفیق
لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے اس وقت حقیقی اور ذمہ دار اپوزیشن جماعت صرف پیپلز پارٹی ہے، نہ ہم فرینڈلی اپوزیشن تھے نہ پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کوئی جوابی بیان نہیں آئیگا۔ وہ مقامی ٹی وی چینل کے مالک احمد ریاض شیخ کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ سعد رفیق نے کہا اس وقت آئی ڈی پیز بہت بڑا ایشو ہیں۔ یہ وقت لاکھوں کی تعداد میں گھر بار چھوڑ کر آنیوالے ان افراد کی مدد کا وقت ہے۔ آج قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ قوم کو اکٹھا کرنے کا وقت ہے۔ اسلام آباد میں 14 اگست کی تقریب کی تفصیلات کا منگل کو اعلان کیا جائے گا۔ آج ملک میں دہشت گردی، جہالت اور غربت کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے۔ آج ملک اور ریاست کا ساتھ دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا لانگ مارچ اور دھرنا دینے والے اپنے پروگرام منسوخ کر دیں، احتجاج کرنے والے اس وقت حکومت کا ساتھ دیں۔ آپس کی لڑائی چھوڑ کر غربت اور دہشت گردی سے لڑنے کی ضروت ہے۔ اپوزیشن کرنے اور انتشار پھیلانے میں فرق ہے۔
سعد رفیق