جنرل ہسپتال، ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے بچہ جاں بحق، ورثاء کا مظاہرہ، روڈ بلاک
لاہور (نامہ نگار) جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے آٹھ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا جس پر ورثا نے ہسپتال کے باہر ڈاکٹروں کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوٹ لکھپت کے 8 سالہ آذان کو الرجی کی شکایت ہوئی جس پر اسکے لواحقین جنرل ہسپتال لے آئے۔ ورثا کے مطابق ڈاکٹروں نے اسے غلط ٹیکہ لگا دیا جس کے تھوڑی ہی دیر کے بعد ازان نے تڑپ تڑپ کرجان دیدی جس پر اسکے لواحقین نے مشتعل ہوکر ڈاکٹروں کیخلاف نعرے بازی کرنا شروع کر دی۔ ان کے شور پر عملہ اکٹھا ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹر موقع سے غائب ہوگئے۔ ورثاء نے ہسپتال کے باہر ڈاکٹروں کیخلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے سڑک بند کردی جس سے ٹریفک جام ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے تاہم اس سلسلہ میں مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی پارٹی کی جانب سے درخواست آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
جنرل ہسپتال