• news

خدارا طاہرالقادری شعبدہ بازی اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں: رانا مشہود

لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ طاہرالقادری پہلے کینیڈین شہریت ترک کریں پھر پاکستان کے نظام میں تبدیلی کی بات کریں جتنا زور وہ حکومت کے خلاف لگا رہے ہیں کاش دہشت گردی کے خلاف اور ضرب عضب کے حق میں بھی اتنا ہی زور لگاتے۔ طاہرالقادری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کس منہ سے آئین اور نظام میں تبدیلی کی بات کرتے ہیں ان کی کبھی کوئی سیاسی حیثیت تھی نہ اب ہے۔ نظام میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے طاہرالقادری پہلے پارلیمنٹ کے ممبر بنیں اور آئینی حدود میں رہ کر تبدیلی کی کوشش کریں۔ دوسروں کے بارے میں بے پر کی اڑانا مولانا کی عادت ہے۔ خدارا طاہرالقادری شعبدہ بازی اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔ مولانا سانحہ لاہور کی تفتیش کرنے والی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ تحقیقاتی ٹریبونل غیرجانبداری سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ مولانا اطمینان رکھیں کمیشن کی رپورٹ آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ نظام میں حقیقی تبدیلیاں لانے کیلئے مولانا اپنی ذات سے قربانی کا آغاز کریں پاکستان کی محبت پر کینیڈا کی شہریت کو قربان کر دیں۔
رانا مشہود

ای پیپر-دی نیشن