طاہر القادری کا واحد فن جھوٹ بولنا ہے‘ امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں: برجیس طاہر
اسلام آباد + شاہکوٹ (ثناء نیوز + نامہ نگار) برجیس طاہر نے کہا ہے طاہر القادری جھوٹ کا پلندہ ہیں اور جھوٹ بولنا انکا واحد فن ہے‘ کینیڈا کی شہریت اور شاہانہ مغربی انداز سے زندگی گزارنے والا شخص عام آدمی کے مسائل سے کیسے واقف ہو سکتا ہے؟ طاہر القادری کی اپنی ذات امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے‘ امن کے دشمن کا مشن امن کیسے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا میں شرط لگاتا ہوں کہ طاہر القادری بہت جلد اپنے مستقل مسکن کینیڈا بھاگ جائیں گے جیساکہ ماضی کے حالات شاہد ہیں۔ انکی پاکستان آمد اور امن و امان تباہ کرنے کی کوشش کسی بیرونی سازش کا شاخسانہ ہے۔ علاوہ ازیں برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستانی حدود میں بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ بھارت اپنی افواج کو ایسی کارروائیوں سے باز رکھے، بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ ناقابل برداشت ہے۔