پارلیمنٹ میں عمران کی تقاریر ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، وزارت قانون سے 7 اگست کو جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے عمران خان کی پارلیمنٹ میں تقاریر کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست کو جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ میں شرانگیز تقریروں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جو جمہوری روایات اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔ عمران خان کی تقاریر سے ملک میں سیاسی انتشار کا خدشہ ہے جس سے جمہوریت بھی پٹڑی سے اتر سکتی ہے۔ پارلیمانی قواعد کی پابندی ہر رکن اسمبلی کی آئینی ذمہ داری ہے مگر عمران خان اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے انتشار کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پارلیمنٹ میں عمران خان کو شرانگیز تقاریر کرنے سے روکنے کا حکم دے۔