آئی ایس آئی دہشت گردی کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہی ہے: چینی نمائندہ خصوصی
بیجنگ (آئی این پی) چین نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کر رہی ہے، حکومت پاکستان یا اس کی کوئی ذمہ دار خفیہ ایجنسی دہشت گرد گروپوں کے ساتھ ملوث ہونے کی بجائے صرف دہشت گردی کیخلاف لڑے گی، حکومت پاکستان افغانستان کی پر امن تعمیر نو میں اہم اور مثبت کردار ادا کرے گی اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑے گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کیلئے چین کے نمائندہ خصوصی سن یوشی نے افغانستان اور بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان پر افغانستان میں عدم استحکام پھیلانے اور اس سلسلے میں دہشت گردوں کی حمایت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی حمایت اور تعریف کی۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ آئی ایس آئی افغانستان میں دہشت گردی پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کا دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ موثر کردار رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ حکومت پاکستان اور فوج کا ادارہ ہونے کے ناطے آئی ایس آئی کا دہشت گردوں کے خلاف کردار قابل تعریف ہے جہاں تک ہرات حملے کا تعلق ہے تو میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ حکومت پاکستان یا اس کا کوئی بھی ذمہ دار ادارہ کسی دہشت گرد گروپ کے ساتھ دہشت گردی میں ملوث ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف لڑے گا۔ افغانستان میں بھارت کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سن یوشی نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔ میں پاکستان اور بھارت سے اپنے تمام ساتھیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کی کوششیں کر رہے ہیں۔ افغانستان کی تعمیر نو میں معاون ہیں، میں بھی پاکستان اور بھارت میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کروں گا تا کہ ہم امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا حصہ ڈال سکیں۔ وہ آج افغانستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ وہ افغانستان کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے اور پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان سے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت پاکستان افغانستان کی پر امن تعمیر نو میں اہم اور مثبت کردار ادا کرے گی اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑے گی۔ سنکیانگ میں حملے کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے تربیت حاصل کرتے ہیں، افغانستان کو ان دہشت گردی سے سختی سے نمٹنا چاہئے۔ چین افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے پر امید ہے۔ رائٹر کے مطابق چینی نمائندے نے کہا کہ چین افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد اس کی جگہ پوری نہیں کرے گا بلکہ وہاں تعمیر نو کے لئے بڑا کمرشل کردار ادا کرے گا ۔