کسی کو ججوں کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سینئر ایڈووکیٹ پرویز آئی میر کا لائسنس معطل کردیا۔ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز آئی میر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جج کے سخت رویے کی نشاندہی کی جس پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ججوں کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدلیہ اپنے وقار کا ہر صورت خیال رکھے گی اور ججز سے نازیبا زبان کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے پرویز آئی میر ایڈووکیٹ کا وکالت کا لائسنس معطل کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لئے معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھجوا دیا۔ پرویز آئی میر ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک سے بدتمیزی کی تھی جس پر اسے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔