عمران خان کا عدلیہ اور فوج پر الزام‘ درخواست گزار سے حلفیہ بیان طلب
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی جانب سے عدلیہ اور فوج کے خلاف انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرنے پر دائر درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار مولوی اقبال حیدر کو عدالت میں حلفیہ تحریر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے کہ اس نوعیت کا کوئی کیس سپریم کورٹ میں زیر التواء نہیں۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے درخواست کی سماعت کی تو مولوی اقبال حیدر نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے عدلیہ اور جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت پاک فوج اور آئی ایس آئی کو انتخابی دھاندلی میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے اور کہا ہے کہ ’’اگر آئی ایس آئی ہمارے ساتھ تھی تو الیکشن یہ کیسے جیت گئے، پبلک ہمارے لئے نکلی ہے اور جیت یہ گئے تو اگر ہمارے ساتھ فوج کھڑی ہوتی تو یہ الیکشن کیسے جیت جاتے‘‘۔