• news

قوم جاننا چاہتی ہے مینڈیٹ کس نے چرایا، کب انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا: عمران

اسلام آباد/ لاہور (آئی این پی) عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے انتخابات میںکی گئی بدترین دھاندلی کو بے نقاب کریگی‘ قوم جاننا چاہتی ہے کس نے اسکا مینڈیٹ چرایا اور کب انہیں انصاف کے کٹہرے میںکھڑاکیا جائیگا۔ 2013ء میں دھاندلی کے مرتکب عناصر کو بے نقاب کئے اور انہیں سزائیں دئیے بغیر مستقبل میں انتخابی اصلاحات کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کے عمل میں پس وپیش سے کام نہ لیتی اور انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ووٹوں کی جانچ کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو تحریک انصاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ نہ لیتی۔ تحریک انصاف نے کامل ایک برس تک بڑی انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا اور انصاف کے حصول کیلئے الیکشن ٹربیونلز، عدالتوں بشمول اعلیٰ عدلیہ اور پارلیمان سے رجوع کیا تاہم ہماری کوئی کوشش بارآور نہ ہوئی اور مسلم لیگ (ن) دھاندلی پر پردہ پوشی کیلئے مختلف قسم کے حیلے بہانوں کے ذریعے وقت گزاری سے کام لیتی رہی۔ ایک بیان میں عمران خان نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے این اے 122میں دھاندلی اور بے ضابطگیوںکے واضح شواہد کے باوجود انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے نتائج کی جانچ میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پی پی 147 کے 6 پولنگ سٹیشنوں میں نتائج کی جانچ کے بعد سامنے آنے والی بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کے باوجود الیکشن ٹربیونل کا این اے 122 کے نتائج کی جانچ میں پس و پیش کا مظاہرہ انتہائی افسوسناک ہے۔  انہوں نے نشاندہی کی کہ الیکشن ٹربیونل کے جج کے حوالے سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر ان 6 پولنگ سٹیشنوں میں بے ضابطگیوں کے شواہد سامنے آتے ہیں توپورے حلقہ پی پی 147 میں ووٹوں کی ازسرنو تصدیق کی جائیگی، تاہم اس سلسلے میں اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن