• news

سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والا شہری کوہاٹ جیل میں پراسرار طور پر جاں بحق، لواحقین کا احتجاج

چارسدہ (آئی این پی) تین سال قبل سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار شہری کوہاٹ جیل میں پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا، لواحقین نے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کے خلاف فاروق اعظم چوک میں نعش رکھ کر ہسپتال انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے متوفی مسافر کے والد پرویز نے کہا کہ تین سال پہلے ان کے بیٹے مسافر کو سکیورٹی فورسز نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔ کئی مہینوں تک تلاش بسیار کے باوجود پتہ نہ چلا تو ہم نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر سکیورٹی اداروں نے متوفی کو 20 اگست ہائیکورٹ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی مگر گذشتہ رات سٹی پولیس چارسدہ نے ہمیں اطلاع دی کہ آپ کا بیٹا مسافر کوہاٹ جیل میں فوت ہو چکا ہے۔ دوسری طرف لواحقین نے متوفی کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے چارسدہ ہسپتال منتقل کیا تو ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم سے انکار کیا جس پر لواحقین مشتعل ہو گئے۔ بعدازاں ایس ایچ او تھانہ سٹی کیڈٹ اعجاز خان کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن