فلسطین پر اسرائیلی حملوں کیخلاف جمعۃ الوداع کو ’’یوم عزم‘‘ منائینگے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور حملوں کے خلاف جمعتہ الوداع کو پورے ملک میں یوم عزم منانے کا اعلان کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام اپنے ایک خط میں فلسطین پر ہونے والے بے پناہ ظلم و زیادہ کے خلاف سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر اس موقع پر فلسطین کے مسلمانوں کے تحفظ اور اسرائیلی تشدد کے خلاف مزاحمت نہ کی گئی تو آئندہ آنے والے دنوں میں فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی آخری مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ عالم اسلام کو بیدار ہونا چاہئے۔ اسلامی ممالک کو او آئی سی کا فوری سربراہی اجلاس بلانا چاہئے۔ عالمی تحریکوں کے سربراہوںکے نام اپنے خط میں سراج الحق نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام اس وقت سخت آزمائش سے دوچار ہیں۔ ایک طرف فلسطینی بچوں کی نعشوںکے ڈھیر ہیں اور دوسری طرف عالم اسلام میں قبرستان کی خاموشی ہے۔ اس موقع پر اسلامی تحریکوں کو یہ ظلم رکوانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔