احمد آباد، کمشنر لاہور کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ، شیوسینا کا مظاہرہ، 10گرفتار
احمد آباد (آئی این پی ) پاکستان کے 4 رکنی وفد نے بھارت میں سابرمتی ریور فرنٹ منصوبے کا دورہ کیا اور سائٹ کا معائنہ کیا، دورے کا مقصد اس منصوبے کی طرز پر راوی پر پراجیکٹ شروع کرنا ہے، بھارتی انتہا پسند ہندو پارٹی شیو سینا کے کارکنوں نے پاکستانی وفد کے دورہ کے موقع پر احتجاج مظاہرہ کیا، پولیس نے 10مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے 4 رکنی وفد نے سابرمتی ریورفرنٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اس کی سائیٹ کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ اور لاہور کے کمشنر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ہم ریورفرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں، ہم نے جو صورتحال یہاں دیکھی ہے ہم پاکستان میں جا کر دریائے راوی پر اس قسم کا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں ہم ماحول کے اثرات کاجائزہ اور پانی کی درکار سطح کو بھی سٹڈی کریں گے اور یہاں سے حاصل ہونیوالے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے حکام نے پاکستانی وفد کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد میں کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال، ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احمد خان چیمہ، ایل ڈی اے کے سٹرٹیجک پالیسی یونٹ کے سربراہ معظم پرا اور ٹیکنیکل ماہر مصطفی کمال چوہدری شامل ہیں۔ واضح رہے یہ منصوبہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے آبائی علاقے میں اس وقت شروع کیا تھا جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔ وزیر اعظم نواز شریف کو جب اس منصوبے کی اہمیت کا اندازہ ہوا تو انوہں نے متعلقہ حکام کو جلد ایورفرنٹ کے دورے کی ہدایت کی۔ پاکستانی وفد کے دورہ کے موقع پر ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کرنے والے شیوسینا کے 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ شیو سینا کے رہنما اشوک شرما نے اس دوران کہا کہ ایک طرف پاکستانی فوج ہماری چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا رہی ہے تو دوسری جانب اس ملک کے وفد کے لئے ریڈ کارپٹ بچھایا جا رہا ہے۔ ہم اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔