• news

تحریک انصاف کا آزادی مارچ‘ حکومت نے اپنی پالیسی کو حتمی شکل نہیں دی

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ’’آزادی مارچ‘‘ کو 14 اگست کو اسلام آباد آنے یا نہ آنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے نوائے وقت کو بتایا کہ سردست حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے پالیسی کو حتمی شکل نہیں دی فی الحال اس بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں ابھی تک یہ بات واضح نہیں کہ عمران خان اسلام آباد میں محض جلسہ کرنا چاہتے ہیں یا ان کے کچھ اور ارادے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اپنی تمام تر توجہ اسلام آباد میں امن و امان کے قیام پر مرکوز کر رکھی ہے تاہم ان کے قریبی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کا امن تہہ و بالا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ چودھری نثار علی خان نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور انتظامی ڈھانچے میں ردو بدل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کا تعلق عمران خان کے لانگ مارچ سے نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن