اب کوئی فرعون انقلاب نہیں روک سکتا، کرپٹ لوگوں کا صفایا کر دینگے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کوئی بھی طاقت انقلاب کو نہیں روک سکتی، پولیس انقلاب کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالے، انقلاب کے ساتھ ہی تبدیلی کا عمل شروع ہو جائے گا، جمہوریت کو گراس روٹ لیول تک لے کر جانا چاہتے ہیں، ہم 10لاکھ تعلیم یافتہ افراد کو شریک اقتدار کریں گے، حکمرانوں نے صرف لاہور کو پنجاب تصور کر لیا ہے، اب کوئی فرعون انقلاب نہیں روک سکتا، کرپٹ لوگوں کا صفایا ہو گا۔ اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں والے افراد ہمارے دفاتر میں رجسٹریشن کرا لیں، انقلاب کے بعد اپنی فہرست میں موجود افراد کو نظام کا حصہ بنائیں گے، تجربہ کار اور تعلیم یافتہ لوگوں کو انقلاب کا حصہ بنائیں گے، آج سے تعلیم یافتہ لوگوں کی فہرست مرتب کرنے کا کام شروع ہو گا، انقلاب کے بعد صرف ایک جماعت کی حکمرانی نہیں ہو گی، انقلاب کے بعد تحصیل اور ضلعی سطح پر وزراء ہوں گے، احتساب اتنا سخت ہو گا کہ کوئی نہیں چھوٹے گا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ٹریڈرز ونگ کے زیراہتمام تاجر کنونشن ہوا جس میں 25سے زائد تاجر تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ عوامی تحریک تنظیموں نے لاکھوں بے روزگار پڑھے لکھے نوجوانوں کی فہرستیں تیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے تمام طقات کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو مرکزی سیکرٹریٹ میں درخواستیں اور لسٹیں بناکر جمع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انقلاب کے بعد فی الفور انہیں بھی شامل کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پولیس کو خبردار کیا کہ وہ انقلاب کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے، ملک دشمن، آئین دشمن اور قانون دشمن حکمرانوں کے احکامات ٹھکرا دیں۔ وہ یا تو اپنی چند دنوں کی نوکری بچا لیں یا اپنے اور ملک کا باعزم مستقبل، کیونکہ آئین شکنی پر انقلاب کے بعد انکی کوئی جگہ نہیں۔ انقلاب کے بعد 10لاکھ افراد شریک اقتدار کئے جائیں گے۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ طاہر القادری نے کہا ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کی باتیں کرنے والے موجودہ کرپٹ استحصالی سیاسی و انتخابی نظام کو قائم رکھنا چاہتے ہیں ہم پرامن انقلاب کے ذریعے کرپٹ استحصالی سیاسی نظام کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، میری جنگ 18کروڑ غریب عوام کے لئے ہر شخص کو روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت دینا چاہتے ہیں۔ انقلاب کے بعد کڑا اور بے رحمانہ احتساب ہو گا، قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی قوم کو واپس دلائوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد، ہری پور اور ہزارہ کے 5ہزار سے زائد عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں دوران خطاب کیا۔ طاہر القادری نے کہاکہ پہلے 8ماہ سے عوام کو آٹا، دالیں، چینی، کپڑا اور ضروریات اجناس پر 50فیصد رعایت دی جائے گی، 3ماہ میں بے زمین غریب کسانوں کو 5کروڑ زرعی اراضی مفت تقسیم کی جائیگی، انقلاب کے بعد لوگوں کو دنوں اور مہینوں میں ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے۔ آرٹیکل 140کے مطابق 35صوبے، 150ڈسٹرکٹ گورنمنٹس، 850ٹائون گورنمنٹس، 6500یونین کونسلز بنائی جائیں گی ہر 500افراد پر سٹی ولیج، 50000افراد پر تحصیل کونسلز اور ایک لاکھ آباد پر اربن تحصیل کونسلز بنائی جائیں گی۔ پختون جرگہ فورم ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ آصف علی خان، جمال خان، بریگیڈئر (ر) اعظم آفندی نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا کے سامنے پختون جرگہ فورم کے کنونیئر آصف علی خان نے انقلابی جدوجہد میں ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا جب اے این پی اور ایم ایم اے نے پختونوں کو دھوکہ دیا تو پھر عمران خان کی پی ٹی آئی کو موقع دیا لیکن پختون قوم کو اس کا بھی فائدہ نہیں ہوا، اب پختون قوم ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب کی کال کی منتظر ہیں۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما فوزیہ قصوری اور شعبہ خواتین انصاف پنجاب کی صدر سلونی بخاری نے ملاقات کی۔ خواتین نے سانحہ ماڈل ٹائون کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے خواتین اور دیگر کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملاقات کے دوران سانحہ لاہور میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔