• news

اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ فاسفورس بموں کا استعمال جنگی جرم اور بدترین دہشت گردی ہے۔ مہلک ہتھیاروں سے بچوں‘ عورتوں اور نوجوانوں کی نعشیں مسخ ہو رہی ہیں اور مسلم حکمرانوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اقوام متحدہ‘ سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں کو فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کیوں نظر نہیں آتی؟ مسلمان اسرائیلی جارحیت روکنے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کریں۔ وہ شاہدرہ میں جماعتہ الدعوۃ لاہور کے زیراہتمم ایک افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر پچھلے چودہ دنوں سے جاری بمباری سے پانچ سو سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ ہر آنے والے دن غاصب اسرائیلی فورسز کی جارحیت بڑھتی جا رہی ہے مگر امریکہ و یورپ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کریں۔ امریکہ نے اسرائیل کو قتل عام‘ فساد اور مسلمانوں کو تباہ کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ حکومت پاکستان او آئی سی اجلاس بلوانے میں کردار ادا کرے۔ مسلم ممالک پر مشتمل مضبوط دفاعی اتحاد بنایا جائے۔ اسی طرح اپنی اسلامی یونین بنائی جائے اور اپنی الگ اقوام متحدہ اور معاشی و دفاعی نظام تشکیل دیئے جائیں۔ افغانستان میں شکست خوردہ امریکہ اب کوئی بڑا فیصلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ اسرائیل کی طرح بھارت نے بھی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ نریندر مودی کے آنے کے بعد مساجد و مدارس اور مسلمانوں پر حملے تیز ہو گئے ہیں۔ جماعتہ الدعوۃ نے وزیرستان آپریشن کے متاثرین کے لیے بڑا ریلیف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ ہم تمام جماعتوں میں اتحاد پیدا کرنے اور تشدد روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جو امریکہ کو برداشت نہیں۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن