نواز شریف 10اگست کو مظفرآباد میں ’’پاکستان زندہ باد ریلی‘‘ میں شرکت کریں گے
مظفرآباد (ثناء نیوز)نواز شریف 10اگست کو مظفرآباد میں ’’پاکستان زندہ باد ریلی‘‘ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے 10اگست 2014کو دورہ مظفرآباد کے موقع پر پاکستان زندہ باد ریلی میں شرکت کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ اطلاعات کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ۔اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کے حوالہ سے محکمہ اطلاعات اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ سیکرٹری اطلاعات نے افسران سے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کا دورہ مظفرآباد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ دارالحکومت مظفرآباد میں آ کر جشن آزادی پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کا آغاز پاکستان زندہ باد ریلی سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ پاکستان زندہ باد ریلی میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن اورکمیٹی کے ممبران بھی شرکت کریںگے۔ یہ ریلی تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ ریلی ہوگی جس میں پاکستان اور آزادکشمیرکے پرچم لہرائے جائینگے۔
زندہ باد/ ریلی