ملکی برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہو گیا: خرم دستگیر
لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر تجارت انجنئیرخرم دستگیر خان کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2013-14میں سال 2012-13کی نسبت پاکستان کی کل برآمدات24.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 25.2 ارب ڈالر ہو گئیں،اس عرصے میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں 2.5% کمی ہوئی ، وفاقی وزیر تجارت کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے پاکستان کی برآمدات دوگنا کرنے کے لئے طے کردہ لائحہ سے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تجارت نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکومتی اداروں کے تعاون سے پاکستان کی برآمدات کو دوگنا کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے ،اس ضمن میں تجارتی انفراسٹرکچر ،ٹیرف سسٹم ، سبسڈی کے اجراء اور عالمی تجارتی مارکیٹنگ کے طریق کا ر میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
،انھوں نے کہا کہ وزارت تجارت غیر روایتی سیکٹروں کی برآمدات بڑھانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے ،ان سیکٹروں میں فارما،جیمز اینڈ جیولری،زرعی مصنوعات ، انجنییرنگ اور کیمیکلز کے سیکٹر شامل ہیں۔مزید برآں وزارت تجارت غیر روایتی تجارتی منڈیوں کی تلاش اور وہا ں پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے کوشاں ہے۔