• news

’’3 عام انتخابات تک مارشل لا نہیں لگے گا،، زرداری امریکی احکام کو وعدہ یاد کرانے گئے: ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری کا دورہ امریکہ خاص مقصد کیلئے ہے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا ہے کہ این آر او میں طے پایا تھا کہ تین عام انتخابات تک مارشل لاء نہیں لگے گا۔ امریکہ، برطانیہ اور عرب امارات کے ایما پر پاکستان آرمی کے اس وقت کے آئی ایس آئی چیف نے ضمانت دی تھی۔ آصف علی زرداری وہ وعدے یاد دلانے امریکہ گئے ہیں، دورے کا مقصد واشنگٹن حکام کو 2007ء کے این آر او کی ایک غیر تحریری (unwritten)شق کی یاددہانی کرانا ہے۔ اس شق کے تحت یہ طے پایا تھا کہ 3 عام انتخابات تک مارشل لاء نہیں لگے گا۔ میڈیا کو دیکھنا ہو گا کہ آخر کیوں امریکی انہیں پروٹوکول دے رہے ہیں۔ کینیڈا سے آنے والے اور 14 اگست کو کارکنوں کو جمع کرنے والوں کو امریکہ استعمال نہیں کر سکتا۔ دریں اثناء ایک اور نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آصف زرداری کا دورہ امریکہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آصف زرداری امریکی نائب صدر، وزارت خارجہ کے عہیدداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ آصف زرداری انتہائی اہم عہدوں پر فائز شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی حکام سابق صدر کے دورے کو نہایت اہمیت دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن