ترکی کا پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے سے انکار، مصنوعات پر 45 فیصد امپورٹ ڈیوٹی عائد کردی
اسلام آباد (آئی این پی) ترکی نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کیلئے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ وزارت تجارت کے ایک اعلیٰ افسر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا یکم جنوری 2014ء سے پاکستان کو یورپی یونین سے ملنے والا جی ایس پی پلس برادر اسلامی ملک نے تاحال نہیں دیا بلکہ ترکی نے پاکستانی مصنوعات کیلئے امپورٹ ڈیوٹی بڑھا کر 45 فیصد کردی ہے۔ یورپی یونین نے دس ملکوں کو جی ایس پی پلس کا سٹیٹس دیا تھا اور یکم جنوری 2014ء تک یورپی یونین کے رکن تمام 28 ممالک نے پاکستان سمیت دس ممالک کیلئے جی ایس پی پلس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ اسکے برعکس ترکی جو یورپی یونین کی رکنیت کا امیدوار ہے اور یورپی یونین کے آئین پر عملدرآمد کاپابند ہے۔ اس نے یکم جنوری سے آٹھ ممالک کیلئے تو جی ایس پی پلس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا لیکن پاکستان اور آرمینیا کیلئے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔