تھانہ حملہ کیس، ایم پی اے شعیب قصور وار قرار، رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کی جانب سے تھانے پر حملے کی رپورٹ حساس اداروں نے وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی جس میں ایم پی اے شعیب ادریس کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت کے بعد شعیب ادریس گرفتاری پر رضامند ہو گئے ہیں۔ حساس اداروں نے تھانہ کھرڑیانوالہ میں گھس کر ساتھیوں کو چھڑوانے اور پولیس پر تشدد کرنے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بجھوا دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایم پی اے شعیب ادریس نے 30 سے 40 افراد کے ساتھ مل کر تھانے پر حملہ کیا۔ تھانے کا دروازہ بند ہونے کے باوجود ساتھیوں کے ہمراہ دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور ایس ایچ او خالد پرویز پر تشدد کیا، دوران تشدد اے ایس آئی ریاست کے تین دانت ٹوٹ گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایم پی اے شعیب ادریس پہلے بھی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لیگی ایم پی اے نے جس اشتہاری کو پولیس سے چھڑوایا اس کے سر کی قیمت ایک لاکھ روپے مقرر تھی۔ دوسری طرف پارٹی قیادت نے رانا شعیب سے استعفیٰ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت کے بعد شعیب ادریس گرفتاری پر رضامند ہو گئے۔