کرول سیکٹر: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، ایک پاکستانی شہید، کنٹرول لائن پر ایک فوجی مارا گیا: بھار تی الزام
شکرگڑھ+ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) کرول سیکٹر پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کردی جس سے ایک پاکستانی شہری شہید ہوگیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق فائرنگ سے ننگل گائوں کا رہائشی افتخار نامی شخص شہید ہوگیا۔ چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ آئی این پی کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر کنٹرول لائن پر پاک فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے پاک فوج نے جموں کے اکھنور سیکٹر میں بھارتی چوکی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاک فوج کی جانب سے گیارہ بجے جموں کے اکھنور سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکی پر فائرنگ کی گئی جبکہ بھارتی فوج کی طرف سے بھی جوابی کارروائی کی گئی۔ دریں اثناء بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے الزام لگایا ہے مودی حکومت آنے کے بعد سے اب تک پاکستان نے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر 19 مرتبہ سیزفائر کی خلاف ورزی کی جس کا موثر طریقے سے جواب دیا گیا۔ راجیہ سبھا میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے سر کبھی نہیں جھکیں گے۔