• news

آئی ٹی پیز کیلئے 4 لاکھ روپے امداد‘ مشکل کی گھڑی میں پاک فوج اور متاثرین کے ساتھ ہیں: معین خان‘ وقار یونس‘ مصباح الحق

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر+ خبر نگار) پاکستان کرکٹ ٹیم نے کوچنگ سٹاف کے ہمراہ پاک فوج کے زیراہتمام آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے لگائے جانے والے کیمپ کا دورہ کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم نے آپرین متاثرین کے لیے چار لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی بقاء کے لیے جنگ لڑ رہی ہیں۔ ہم اپنی فوج اور اس آپریشن کے نیجے میں متاثر ہونے والے پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ ہم آئی ڈی پیز کے دکھ درد کو سمجھ سکتے ہیں۔ ان کے درد میں برابر کے شریک ہیں۔ پوری قوم آئی ڈی پیز کے ساتھ اور سب کو دل کھول کر آپریشن متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ غزہ میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ ہم اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری حمایت پاک فوج اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔ دعا ہے کہ  دہشت گردی ختم ہو اور امن قائم ہو۔ وطن عزیز پر آئی مصیبتیں ٹل جائیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ غزہ میں مسلمانوں کے قتل عام سے انہیں ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلم امہ کو متحد ہو کر اس مسئلے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے لگائے گئے کیمپ کے دورے کے موقع پر کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اور غیر ملکی کوچنگ سٹاف بھی ہمراہ تھا۔ واضح رہے کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان اے ٹیموں کے درمیان 26 جولائی کو لاہور میں امدادی میچ بھی کھیلا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن