شیخ رشید صاحب ہوش کے ناخن لیں
مکرمی!آپ ٹی وی پر بار بار نہ بھی دہرائیں تو لوگوں کو معلوم ہے کہ آپ 6/7 دفعہ وزیر شذیر رہے۔ اس کے علاوہ اور بھی کئی گھسے پٹے فقرے آپ بار بار دہراتے ہیں اور قوم کا وقت ضائع کرتے ہیں۔نوابزادہ نصراللہ صاحب مرحوم سے میں نے ایک مرتبہ ان کی پارٹی کے دفتر میں پوچھا کہ آپ کی پارٹی کو تانگہ پارٹی کیوں کہتے ہیں؟ حالانکہ آپ تو قدآور سیاستدان ہیں اور حکومتوں کے خلاف تحریکیں چلانے کیلئے ماہر ہیں۔ جواب میں وہ خاموش رہے۔ شیخ صاحب میرا آپ سے بھی یہی سوال ہے خیر آپ کیا جواب دیں گے‘ ان کی تانگہ پارٹی میں کچھ سواریاں تو تھیں مگرآپکے تانگہ میں صرف کوچوان ہی نظر آرہا ہے۔ جب آپ وزارتوں میں تھے تو کیا پاکستان سب لوگ امیر تھے‘ بالکل نہیں بے چارے غریب تو تعداد میں ہمیشہ زیادہ رہے ہیں‘ آپ نے اس وقت کسی وزارت سے استعفیٰ دیکر ”نکلو نکلو غریبو“ کا نعرہ کیوں نہیں لگایا۔ آپ ہمیشہ کہتے ہیں کہ میں اتنا بھولا نہیں تو جناب عوام بھی اتنی بھولی نہیں۔ اب وہ گرم سرد چشیدہ ہے اور جانتی ہے کہ آپ لال مسجد کے اندوہناک واقعہ میں مشرف کے ساتھ مکمل طورپر ملوث تھے۔ بعد میں معافی مانگ کر اقبال جرم بھی کر لیا اس لئے لوگ آپ کی پارٹی میں شامل ہونا گناہ سمجھتے ہیں۔ (منظر شفیع ایڈووکیٹ ۔ 0300-4162707)