نواز شریف سے سعودی نائب وزیراعظم شہزادہ مقرن کی دوبارہ ملاقات وزیراعظم کی روضہ رسولؐ پر حاضری
جدہ (امیر محمد خان سے) سعودی عرب کے نائب وزیراعظم و نائب ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جدہ میں رہائش گاہ پر ملاقات کی، وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے مہمان خصوصی کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ میاں نواز شریف نے ان کے ذاتی دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے کی جانے والی مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال کا شکریہ ادا کیا۔ نواز شریف سے ملاقات کے دورن اسحاق ڈار اور حسین نواز بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دوستانہ اور برادرانہ تعلقات سے بھی بڑھ کر ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات کی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ سعودی نائب ولی عہد شہزاد مقرن بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نہ صرف دو برادر ممالک ہیں بلکہ ان کے تعلقات اس سے بھی بڑھ کر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے لئے دوسرا گھر ہے۔ دونوں لیڈروں نے ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے خادم الحرمین الشریفین کے مشیر و خصوصی ایلچی شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کی یہ دوسری ملاقات ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی‘ انہوں نے روضہ رسولﷺ پر ملکی سلامتی اور استحکام کی دعا مانگی۔