• news

بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالا افتخار ذہنی مریض تھا، نعش پاکستان کے حوالے

سیالکوٹ+ شکرگڑھ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) تین دن کے وقفے کے بعد ورکنگ بائونڈری لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری سے ایک اور پاکستانی شہری شہید ہوگیا ہے۔ کرول سیکٹر پر منگل کی رات بھارتی فورسز نے رات دو بجے کے قریب بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری شروع کی تھی جس سے سرحدی گائوں ننگل میں ایک بھارتی مارٹر گولہ لگنے سے پاکستانی شہری افتخار جاں بحق ہوگیا۔ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا۔ بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے سرحدی دیہاتوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ چناب رینجرز نے بھارتی سیکورٹی فورسز سے فلیگ میٹنگ کا دوبارہ مطالبہ کیا ہے لیکن بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ این این آئی کے مطابق رینجرز ذرائع کے مطابق رات گئے شکر گڑھ سیکٹر پر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ننگل گاؤں کا رہائشی افتخار فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افتخار نامی شخص جس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا غلطی سے سرحد عبور کر گیا جس پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں افتخار کو 4 گولیاں سینے میں لگیں، بھارتی فوجی پاکستانی شہری کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئے جہاں اس کی موت واقع ہو گئی اور پھر بھارتی حکام نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش پاکستان رینجرز کے حوالے کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن