کراچی: فائرنگ سے علامہ طالب جوہری کے وکیل، داماد جاں بحق، ڈاکوئوں نے کیش وین کے2 گارڈ قتل کر دئیے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی میں بدھ کے روز ٹارگٹ کلنگ اور تشدد کے واقعات میں معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے داماد اور اے ایس آئی سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تیرہ ڈی بلاک میں معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی ایڈووکیٹ جو عدالت سے گزشتہ سہ پہر گھر جارہے تھے پھل لینے کے بعد دوبارہ گاڑی میں سوار ہونے لگے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے مبارک رضا کاظمی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ چند فرلانگ پر موجود پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور زخمی ہوگیا تاہم چاروں فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ قتل کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مجلس وحدت کے ترجمان نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیعہ برادری کے 4 افراد کو نشانہ بناکر قتل کیا گیا ان میں منگھوپیر میں غلام ذکی پاک کالونی میں حسنین جبکہ کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کرکے خاتون ہما حسین کو قتل، اس کے شوہر بلال حسین اور بیٹے ذیشان کو شدید زخمی کردیا گیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس، ڈپٹی سیکرٹری علامہ امین شہیدی اور علامہ حسن ظفر نقوی نے علامہ طالب جوہری کے داماد کو قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کراچی میں بھی شمالی وزیرستان طرز کا آپریشن کیا جائے۔ ادھر کراچی بار ایسوسی ایشن نے ایڈووکیٹ مبارک رضا کاظمی کے قتل کیخلاف آج ہڑتال اور عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے علامہ طالب جوہری کے داماد کو کراچی میں قتل کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ علماء کے گھروں کو اجاڑ کر انہیں حق گوئی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، انتہاپسند عناصر چن چن کر مخصوص مسلک عقیدے کے ڈاکٹروں، پروفیسروں اور دیگر پروفیشنلز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دوسری جانب پاک کالونی میں نجی کمپنی کی کیش ویگن لوٹنے کی کوشش کے دوران ڈاکوئوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی گارڈ عبدالمالک اور محمد حسین جاں بحق جبکہ وین ڈرائیور حفیظ الرحمان زخمی ہوگیا تاہم ڈاکو وین سے کیش لوٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ علاوہ ازیں بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹائون میں پی سی او پر فائرنگ سے 3 افراد خلیل، رمضان اور جہانگیر ہلاک ہوگئے۔ ادھر نیو کراچی کے علاقے میں رات گئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کے ایک اے ایس آئی کو قتل اور 2 افراد کو زخمی کردیا۔