سانحہ ماڈل ٹائون: لاہور پولیس کے سابق افسروں کیخلاف عید کے بعد اہم کارروائی کا فیصلہ
لاہور(نامہ نگار) سانحہ ماڈل ٹائون کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں سے تفتیش کو تیز کرتے ہوئے لاہور پولیس کے سابق اعلیٰ پولیس افسروں کے خلاف عیدالفطر کے بعد اہم کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق پولیس افسر اپنے پائوں جلنے پر سابق ماتحت عملے کو قربانی کا بکرا بنانے پر تل گئے، سابق ایس ایس پی آپریشن لاہور رانا عبدالجبار، ایس پی سکیورٹی سلمان علی خان، ایس پی مجاہد سکواڈ سید عبدالرحیم شیرازی اور ایس پی سی آر او نے اپنے اپنے گن مینوں کی عبوری ضمانتیں کروا لی ہیں۔زیر حراست سابق ایس ایچ او تھانہ سبزہ زار، سابق انچارج ایلیٹ فورس سمیت دیگر ماتحت عملے نے افسروں کے رویے سے دلبر داشتہ ہو کر حقائق سے پردہ اٹھانے کی ٹھان لی ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ ڈاکٹر عارف مشتاق نے ملوث پولیس افسروں اور اہلکاروں سے دوبارہ تفتیش شروع کر دی ہے اس سلسلہ میں چند انسپکٹرز اور اہلکاروں نے اہم انکشافات کئے ہیں۔ جس میں سابق اعلیٰ پولیس افسروں کے نام سامنے آرہے ہیں۔ سابق پولیس افسروں نے خود کو بچانے کے لئے سابق ماتحت عملے پر سارا ملبہ ڈالنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں تاکہ وہ خود سزا سے بچ سکیں۔ ادھر جے آئی ٹی کی جانب سے حراست میں لئے گئے 8سے زائد پولیس اہلکاروں کی تاحال ضمانتیں نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے سابق ایس ایچ او تھانہ سبزہ زار انسپکٹر شیخ عامر سلیم، انچارج ایلیٹ فورس اور دیگر اہلکاروں سے تین خفیہ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایس پی سی آر او نے تمام اہلکاروں کو اپنی زبان بند رکھنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ اگر کسی بھی اہلکار نے کسی بھی افسر کے خلاف کوئی بیان دیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ اس کو تاحیات فیلڈ پوسٹنگ سے محروم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ نے پہلی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر بیان دیا تھا کہ انہوں نے ماڈل ٹائون میں فائرنگ نہیں دیکھی تھی جس کے بعد جے آئی ٹی کو مختلف ذرائع ابلاغ سے حاصل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایس پی عمر ریاض چیمہ کا گن مین ان کے ساتھ کھڑا ہو کر فائرنگ کر رہا تھا جبکہ ایس پی عمر ریاض چیمہ بھی گن پکڑے کھڑے تھے۔ پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ تاحال سانحہ ماڈل ٹائون میں ایس پی عمر ریاض چیمہ کو ایک اعلیٰ سفارش کی بنا پر بچایا جا رہا ہے جے آئی ٹی ایس پی عمر ریاض چیمہ کو سانحہ ماڈل ٹائون سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔