پاکستانی پنجاب کے گورنر نے فون پر ممبئی حملوں کا بتایا: بھارتی صحافی وید پر تاپ
کراچی(نوائے وقت رپورٹ)بھارتی صحافی وید پرتاپ ویدک ایک نئے تنازع کا شکار ہونے جا رہے ہیں، برطانوی اخبار’’دی میل‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وید پرتاپ کی وہ ویڈیو حاصل کر لی ہے جس میں انہوںنے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر نے انہیں فون کرکے 2008کے ممبئی حملوں کے متعلق بتایا تھا۔وید پرتاپ نے مدھیہ پردیش کے ضلعی ہیڈ کوارٹر آگرہ مالوا میں رواں برس چار جنوری کو ’’بھارت کے بھاوشیا کی راج نیتی‘‘ کے موضوع پر ایک سمپوزیم سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ ممبئی میں جب ہوٹل پر دہشت گردوں نے قبضہ کیا تو سب سے پہلے لاہور سے گورنر نے فون کرکے مجھے بتایا کہ ٹی وی آن کیجئے۔۔۔ہمارے یہاں کے غنڈے آپ کے ہاں گھس آئے ہیں۔۔۔ میں نے کہا آپ کے غنڈے؟ بولے کہ جو وہ بولی بول رہے ہیں وہ ہماری ہی بولی ہے جیسے کہ پنجابیوں کی ہوتی ہے۔۔۔آپ وزیر اعظم سے کہیے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ وہ لاہور کے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے ایجنٹ ہیں‘‘ اخبار کے مطابق ویدک26نومبر2008حملے کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ویڈیو کلپ میں ویدک پاکستانی عوام کے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’یہ سب پریم ہے۔ ہمارے پڑوسیوں کے ساتھ ہمارے سمبندھ (تعلقات) ایسے ہونے چاہیے کہ اگر جھگڑا بھی کریں تو اس پرفخر ہو۔