• news

رائے ونڈ آپریشن، ہلاک دہشت گرد کی 2 ساتھی خواتین سمیت نیٹ ورک کے تمام ارکان گرفتار، راولپنڈی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

لاہور، راولپنڈی (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رائیونڈ میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کے تمام 19 ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ 13ارکان کو لاہور اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا جبکہ 2 کو ڈیرہ غازی خان، 3 کو رحیم یار خان اور ایک کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے ان میں پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آنے والی 2 خواتین طیبہ اور مایہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی رکن بتائی جاتی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق دونوں خواتین نے شمالی وزیرستان میں عسکری تربیت حاصل کی ہے جو گوجرانوالہ کی رہائشی ہیں اور ملتان کے حسن ٹائون میں رہائش پذیر تھیں جبکہ طیبہ کا خاوند عمر اور ماریہ کا خاوند سلیمان بھی اسی نیٹ ورک میں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ نیٹ ورک 2011 میں گوجرانوالہ کے پانچ تھانوں پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ ملزمان مختلف علاقوں میں کرائے کے مکانوں میں رہتے رہے اور ہر 2 ماہ بعد مکان تبدیل کر لیتے تھے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کے دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ ائی این پی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں 2 کے نام عبدالرحمان اور محبوب الرحمان ہے جو لاہور کے علاقہ پیکو روڈ لیاقت آباد کے رہائشی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور حساس معلومات بھی ملی ہیں اور ان تمام دہشت گردوں سے نامعلوم مقام پر تحقیقات کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا حساس اداروں کے مطابق اہم حکومتی وسیاسی شخصیات کے علاوہ سرکاری، مذہبی وعسکری شخصیات دہشتگردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں جس پر پولیس کی جانب سے لاہور میں رائے ونڈ طرز کا ایک اور آپریشن متوقع ہے جبکہ ایلیٹ فورس، کوئیک رسپانس فورس اور ریزرو کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حساس اداروں کی جانب سے تمام تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عیدالفطر سے قبل ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔ دہشت گردوں کا ایک گروہ عید کے اردگرد لاہرو میں بڑی کارروائی کی تیاری مکمل کر چکا ہے ان کے خودکش بمبار بھی موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ہی حساس اداروں اور پولیس کی جانب سے رائے ونڈ پنڈ آرائیاں جیسا آپریشن بھی متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس کی جانب سے ابتدائی معلومات تمام افسروں کو فیکس اور موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے ارسال کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس نے پشاور سے آنے والی اسلحے سے بھری گاڑی پکڑ کر دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گاڑی سے بڑی ٹیلی سکوپ، چار کلوگرام چرس اور 45 ہزار گولیوں سمیت بڑی تعدد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پشاور سے اسلحے سے بھری گاڑی راولپنڈی چکری انٹرچینج سے پنجاب میں داخل ہوئی تھی۔ 2 ملزموں اسرار اور نور زمان کو حراست میں لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن