• news

گجرات: زمیندار نے معمولی رنجش پر 10 سالہ بچے کے بازو کاٹ ڈالے

گجرات + لاہور (نامہ نگار+خصوصی رپورٹر ) زمیندار نے معمولی رنجش پر بیدردی سے 10سالہ بچے کے دونوں بازو پیٹر انجن میں دے کر کاٹ ڈالے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق نواحی گائوں چک بھولہ کے رہائشی غلام مصطفی نے گائوں کے رہائشی نصر اقبال کے بیٹے تبسم کے معمولی رنجش پر رسیوں سے باندھ کر بازو پیٹر انجن میں لا کر کاٹ ڈالے اور اُسے ہسپتال بھی داخل کروادیا۔ ورثاء کو تین روز بعد وقوعہ کا علم ہوا جس پر پولیس کو درخواست دیدی گئی۔ تھانہ صدر گجرات نے متاثرہ بچے کے والد نصر اقبال کی رپورٹ پر ملزم غلام مصطفی کیخلاف مقدمہ درج کر کے اُسے گرفتار کر کے اسکے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروادیا جبکہ بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچہ دونوں بازئوں سے معذور ہو چکا ہے۔ ڈی پی او رائے اعجاز، ایس پی چوہدری عثمان بھاری نفری کے ہمراہ گائوں اور پھر ہسپتال پہنچ گئے جہاں بچے کی عیادت کی گئی انہوں نے بتایا کہ ملزم کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ واقعہ کے خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے کر پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔خصوصی رپورٹر کے مطابق ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے گجرات میں معمولی تنازعہ پر کمسن بچے کے دونوں بازو کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی شدید مذمت کی ہے۔حکومت سانحہ ماڈل ٹائون کی طرح کسی بھی سنگین واردات کی ایف آئی آر درج نہیں ہونے دیتی۔ انہوں نے اس گھنائونے کھیل کو صوبہ میں امن و قانون کی ابتر صورتحال کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومتی سطح پر بے گناہ سیاسی کارکنوں کو گولیوں کا شاخسانہ بنایا جائے گا تو عام لوگوں میں بھی یہی رجحان فروغ پائے گا۔ مسلم لیگی رہنمائوں نے کہا کہ یہ بات افسوناک ہے کہ جہاں ایک ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی۔ 

ای پیپر-دی نیشن