’’عمران خان جان دیو، سانوں پنج سال مُکان دیو‘‘: پرویز رشید
اسلام آباد (وقت نیوز+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان انتشار کی سیاست کر کے ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، عمران خان نے کونسا خیبر پی کے میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں۔ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ دھاندلی ہوتی تو خیبر پی کے میں عمران جیتتے نہ سندھ میں پیپلز پارٹی۔ انہوں نے کہا ’’خان صاحب ہُن جان دیو سانوں پنج جمہوری سال مکان دیو‘‘۔ دریں اثناء پرویز رشید نے افغان صدر حامد کرزئی سے درخواست کی ہے کہ وہ افغانستان میں قید پاکستانی صحافی فیض اللہ خان کی سزا معاف کرتے ہوئے عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دے دیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کا قانون اپنے صدر کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو معاف کر دیں۔ صحافی فیض اللہ نے جرم نہیں بلکہ غلطی کی ہے۔ اس غلطی کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے، آپ کی عدالت کے مطابق انہوں نے بہت بڑا جرم نہیں کیا، وہ بغیر دستاویزات کے افغانستان میں داخل ہوئے تھے۔ دفتر خارجہ اور وزارت اطلاعات فیض اللہ کی گرفتاری کے بعد سے اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں۔ قونصلیٹ جنرل نے جیل میں ان سے رابطہ کیا، وکیل کی خدمات حاصل کیں اور اب ان کا اپیل کا مرحلہ ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ اپیل کا مرحلہ پورا ہونے کے بعد صدر اپنا اختیار استعمال کر سکتے ہیں، پاکستان کی کوشش ہے کہ اپیل کی تاریخ جلد مل جائے۔ وزیر اطلاعات نے صحافیوں کو بتایا کہ اپیل کے فیصلے کے بعد ضرورت پڑنے پر افغان صدر سے باضابطہ طور پر سرکاری سطح پر اپیل کی جا سکے گی اور وہ یہ اپیل ملکی میڈیا کے ذریعے افغان صدر تک پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کی عدالتوں کے فیصلوں اور قوانین کا احترام کرتا ہے۔ جس طرح ہم قانون کا احترام کرتے ہیں اور عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اسی طرح ہم حامد کرزئی سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا اختیار استعمال کریں۔ اب تک حکومت کی جانب سے ہونے والی کوششوں میں مکمل کامیابی تو نہیں ملی تاہم دو ایسے الزامات تھے جن سے عدالت نے انہیں بری کر دیا، امید ہے کہ جلد ہی فیض اللہ بری ہو جائیں گے۔ انہوں نے فیض اللہ کی اہلیہ سے کہا کہ امید ہے کہ ان کے شوہر جلد رہا ہو جائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ چاہیں تو خیبر پی کے حکومت گرا سکتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ آنے دیں پھر بات ہوگی، 2013ء کا الیکشن گزشتہ تمام انتخابات سے بہتر تھا۔ الیکشن کمیشن آزاد ادارہ ہے حکومت کے کنٹرول میں نہیں، عمران خان کے دھاندلی الزامات میں کوئی وزن نہیں، نجم سیٹھی نے شہباز شریف انتظامیہ کا ایک ایک افسر تبدیل کیا، عمران خان کیلئے مارچ کو آرگنائز کرنا مشکل ہورہا ہے۔ قومی اسمبلی کی اکثریت عمران خان کے عمل کو ٹھیک نہیں سمجھتی۔ عمران خان شمالی وزیرستان آپریشن کو مجبوراً تسلیم کررہے ہیں وہ مطمئن نہیں میرا غلیل کا اشارہ دہشت گردوں کے خلاف تھا، ملٹری کے نہیں۔ فوج اور عدلیہ سمیت تمام ادارے جمہوریت کے حامی ہیں۔
پرویز رشید