افتخار چودھری چیف جسٹس نہیں سیاستدان تھے، ہمارے دور میں فوج سے تعلقات میں فاصلہ آ گیا تھا: گیلانی
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد اور خود مختار ملک ہے کسی اور ملک سے گارنٹی لینے کی ضرورت نہیں۔ این آر او کے دوران اڈیالہ جیل میں تھا جس کی وجہ سے امریکہ سے ڈیل کا علم نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے نواز شریف اعتکاف میں نہیں بیٹھے اس لئے واپس پاکستان آئے ہیں۔ شہباز شریف ضد نہ کریں، مشاورت کی عادت ڈالیں پہلے بھی ان کی ییلو کیب سکیم، سستی روٹی تنور اور لیپ ٹاپ سکیم ناکام ہو چکی ہیں۔ شہباز شریف کا بہتر تعلیم اور صحت کی بجائے ان کا فوکس میٹرو بس ہے۔ ملتان کو تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی ضرورت ہے شہباز شریف میٹرو بس کو چھوڑ کر تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو ترجیح دیں۔ اگر شہباز شریف میرے دور کے منصوبے مکمل کرا دیں تو اہالیان ملتان انہیں خراج تحسین پیش کریںگے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے اعتراف کیا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت کے آخری ایام میں فوج اور سول حکومت کے تعلقات میں فاصلہ آ گیا تھا، افتخار چودھری چیف جسٹس نہیں سیاستدان تھے۔ گیلانی نے اعتراف کیا کہ بجلی کا بحران پیپلزپارٹی کے الیکشن نہ جیتنے کا سبب بنا، جو لیڈ کرے گا عوام اس کے پیچھے ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت کے آخری ایام میں فوج اور سول حکومت کے تعلقات میں فاصلہ آگیا تھا۔ اس وقت عوام کو سڑکوں پر لانے کے لیے کال دینے کی ضرورت نہیں۔