اٹارنی جنرل کی درخواست: اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحفظ پاکستان بل کیخلاف سماعت ملتوی کر دی
اسلام آباد (ثناء نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل کی استدعا پر رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی جانب سے دائر تحفظ پاکستان ایکٹ کیخلاف درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے سماعت شروع کی تو اٹارنی جنرل کے معاون وقار رانا نے استدعا کی کہ تحفظ پاکستان ایکٹ کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے عدالت اس مقدمہ کی سماعت سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کرے۔ اس مقدمہ میں عدالت نے وزارت قانون و انصاف سے جواب طلب کیا تھا تاہم ابھی جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کر لی۔ یاد رہے کہ 14 جولائی کو رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے تحفظ پاکستان بل 2014 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سماعت ملتوی