بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی‘ پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس ٹرائل کے فیصلہ میں تاخیر پر احتجاج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ کے ٹرائل کے فیصلے میں تاخیر پر احتجاج کیا گیا۔ پاکستان نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا واقعہ ممبئی حملوں سے قبل ہوا، بھارت کو ثبوت بھی مل چکے ہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کا فیصلہ سنایا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ ادھر بھارت نے خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات سے پہلے جارحانہ سفارتی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ممبئی حملوں کے مقدمات کی مبینہ سست رفتار سماعت پر احتجاج کیا ہے۔ نئی دہلی میں متعین پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز بھارت کی وزارت خارجہ امور میں طلب کرکے بھارت کی طرف سے ممبئی حملوں کی سست رفتار سماعت پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ اسی پر اکتفا نہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھی دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل برائے سارک و جنوبی ایشیا سے ملاقات کی اور یہ معاملہ اٹھایا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر نے ممبئی کیس کی سماعت میں پیشرفت کے بارے میں استفسار کیا۔ ڈی جی نے انہیں بتایا کہ یہ معاملہ قانون کے مطابق چل رہا ہے اور اسکے جلد فیصلہ کیلئے تمام تر کوششیں کی گئی ہیں۔