• news

پاکستان بھارت خارجہ سیکرٹری ملاقات تعمیری مذاکرات کی راہ ہموار کریگی: طارق فاطمی

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات سے تمام تنازعات کے حل کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔ پاکستان اس خطے اور خطے سے باہر امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ طارق فاطمی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط شراکت داری کو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ وہ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی میں پاکستان امریکہ تعلقات کے موضوع پر مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔ مباحثے میں متعدد امریکی تھنک ٹینکس کے منتخب ارکان اور ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔ طارق فاطمی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بہتر اور مضبوط تعاون کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات میں خصوصاً وزیراعظم محمد نوازشریف کے دورہ امریکہ کے بعد سے کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ دونوں ملک افغانستان میں امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ امریکہ نے افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخاب کے پرامن انعقاد میں پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا ہے۔ طارق فاطمی نے امریکہ بھارت اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالہ سے شرکاء کے سوالوں کے جواب بھی دئیے۔
طارق فاطمی

ای پیپر-دی نیشن