4 خودکشیاں: جھنگ میں میٹرک میں فیل ہونے پر طالب علم نے زندگی ختم کر لی
کندیاں + چکوال+ جہلم+ جھنگ (نامہ نگاران) مختلف وجوہات پر میٹرک کے طالب علم سمیت 4 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کندیاں میں نواحی علاقہ ٹبی میں 22 سالہ نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ مذکورہ علاقہ کے نوجوان اعجاز احمد ولد سلطان احمد نے گزشتہ رات آبادی سے ملحقہ نہر دلہ برانچ میں چھلانگ لگائی، متوفی کا گھر والوں سے کچھ عرصہ سے جھگڑا چلا آرہا تھا۔ اعجاز نے اپنا موبائل اور سامان نہر میں چھلانگ لگانے والی جگہ پر پل کے ساتھ لٹکا دیا تھا جبکہ اس نے اپنے تمام بھائیوں کو میسج کر کے اپنے مالی حالات اور خود کشی کرنے کا بتا دیا تھا تاحال اہل علاقہ اور ریسکیو 1122 کی تمام تر کوششوں کے باوجود نعش نہر سے نہ نکالی جا سکی تھی۔ چکوال میں بیروزگاری پر ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ چکوال کے تھانہ ڈوہمن کے گائوں چک باقر شاہ میں چوبیس سالہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ متوفی احمد نواز کا گھر میں بے روزگاری کی وجہ سے جھگڑا رہتا تھا اور اہلخانہ اس کو بے روزگاری کا طعنہ دیتے‘ احمد نواز رات کو گھر واپس آیا تو اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں اسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں قیدی محمد نہار سکنہ جل مئی ضلع صوابی نے جیل کے عملہ کے تشدد سے دلبرداشتہ ہوکر درخت سے پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں 5 سالہ قیدی جو منشیات کے جرم کی سزا کاٹ رہا تھا جس کو جیل کے عملہ نے سیلوں میں بند کر دیا رشوت نہ دینے پر تشدد کیا جس سے قیدی نے دلبرداشتہ ہوکر درخت سے پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔ یہ قیدی مقدمہ 392,9c اور 324 کے تحت سزا کاٹ رہا تھا نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیاگیا وہاں پوسٹمارٹم کروانے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مجاہد مستقیم موقع پر پہنچ گئے دوسری طرف ڈی آئی جی جیل خانہ پنڈی ریجن مرزا شاہد سلیم بیگ انکوائری کیلئے ڈسٹرکٹ جیل جہلم پہنچ گئے۔ جھنگ میں امتحان میں ناکامی کی وجہ سے میٹرک کے طالب علم نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ سرگودھا روڈ عامر ٹاؤن کا رہائشی حاکم علی کا بیٹا 18 سالہ حیدر بلوچ نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی ریسکیو 1122 اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے گئے جہاں پہنچنے سے قبل ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
زندگی ختم