لاہور: موٹروے انسپکٹر کے قاتل4 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ گلشن روای کے علاقہ میں سی آئی اے اقبال ٹائون سے مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس خفیہ اطلاع پر ڈاکو ئوں کی گرفتاری کیلئے رضا بلاک پہنچی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے چاروں ڈاکو موقع پر ہلا ک ہوگئے، ہلاک ہونیوالے ڈاکو موٹروے کے انسپکٹر کامران شہزاد کے قتل سمیت دیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس کی حراست میں تھے اور انہیں جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا جبکہ ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹائون ریاض شاہ کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس کی حراست میں نہیں تھے اور نہ ہی انہیں جعلی پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔ ملزمان پتوکی اور مضافاتی علاقوں کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ ہلاک ہونیوالے ڈاکوئوں کی شناخت علی حسن، نور خان، عثمان اور سہالہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایچ او گلشن اقبال شہباز خان کے مطابق ہلاک ہو نے والے چاروں ڈاکوئوں کے بارے میں ابتدائی طور پر جو معلومات مل سکی ہیں اسکے مطابق چاروں ڈاکو سنگین وارداتوں میں لاہور پولیس کو مطلوب تھے۔