نوٹس ملنے پر خوش ہوں، افتخار چودھری کو پتہ ہونا چاہئے میری تربیت مقابلے کی ہے: عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت ہوگی تو بجلی، ریل ہو گی، دھاندلی سے جمہوری حکومت نہیں بن سکتی، دھاندلی کے خلاف پہلی مرتبہ عوام سڑکوں پر نکلے۔ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ تک گئے۔ 11 مئی کو پاکستانی تاریخ میں سب سے بڑی دھاندلی ہوئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انصاف نہ ملے تو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، دھاندلی سے جیتنے والے تبدیلی نہیں آنے دینگے۔ سستی روٹی سکیم سب سے پہلے تحریک انصاف نے شروع کی تھی۔ شہباز شریف نے سستی روٹی سکیم سے تین ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ 30 اپریل کو خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار تھے۔ خیبر پی کے میں سو فیصد لوگ تحریک انصاف کو ووٹ دینگے۔ بجلی کا نظام خیبر پی کے حکومت کے حوالے کر دیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں کرپشن عروج پر تھی۔ مسلم لیگ (ن) کو مقابلہ کرنا نہیں آتا، آزاد عدلیہ کے بغیر انتخابات شفاف نہیں ہو سکتے، انتخابات میں آر اوز الیکشن کمشن کے نیچے نہیں تھے۔ جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کس طرح آر اوز کو خراج تحسین پیش کر رہے تھے۔ جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کی جانب سے نوٹس ملنے پر خوش ہوں، اب سب کچھ سامنے لائونگا، عوام کو بتائیں گے دھاندلی کس نے اور کس طرح کی۔ جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کو پتہ ہونا چاہئے کہ میری تربیت مقابلہ کرنے کی ہے۔ انصاف نہ ملنے پر احتجاج کرنا میرا حق ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے خوف میں فوج کو بلایا۔ آرٹیکل 245 نافذ کرنا غیرجمہوری ہے۔ شریف فیملی اور بادشاہت میں کوئی فرق نہیں، باریاں لینے کیلئے بچے شہزادے اور شہزادی بن گئیں۔ آصف علی زرداری دلیر آدمی ہیں، موجودہ حکمران کاروباری ہیں، سودے بازی شروع کردیتے ہیں۔ نوازشریف کے ایک بیٹے کا 200 ارب روپے کا کاروبار لندن میں ہے، رائیونڈ کا خرچہ عوام کے پیسوں سے پورا کیا جاتا ہے۔ کارکن 14 اگست کو پوری تیاری سے نکلیں، مطالبات کی منظوری تک واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مڈٹرم انتخابات آئین کا حصہ ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ طاہر القادری سے اختلاف نظام کی درستگی کیلئے طریقہ کار پر ہے۔ طاہر القادری انقلاب کے ذریعے نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات سے نظام تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ پنجاب پولیس فیصلہ کرے کیا وہ حکومت کی نوکر ہے، پرامن احتجاج روکنا خونی انقلاب کو دعوت دینا ہے۔