اے پی این ایس اور سی پی این ای کا ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس دعائے مغفرت‘ خدمات پر خراج عقیدت
کراچی ( پ ر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر حمید ہارون، سیکرٹری جنرل سرمد علی نے عہدیداران اور اراکین کی جانب سے نوائے وقت گروپ آف پبلی کیشنز کے پبلشر اور چیف ایڈیٹر جناب مجید نظامی (سابق صدر اے پی این ایس، سی پی این ای) کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ نظامی صاحب کے انتقال سے اخباری صنعت آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کیلئے ہمہ تن سرگرم اور پرجوش مجاہد سے محروم ہو گئی۔ مجید نظامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ بیک وقت اے پی این ایس اور سی سی این ای دونوں تنظیموں کے صدر منتخب ہوئے متعدد حکومتوں کی جانب سے بھی ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان اور رفیقوں کو اس سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمن شامی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی صحافت کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی وفات سے بے باک صحافت کا ایک طویل اور عظیم باب کا اختتام ہو گیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر مجید نظامی کی بطور ایڈیٹر نصف صدی سے زائد عرصہ پر محیط گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔